کراچی، ڈھاکا (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف سراپا احتجاج طلباء اتحاد نے ملک بھر میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کردی، ڈھاکا سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے، حکمران جماعت عوامی لیگ ، اس کی طلباء تنظیم چھاترا لیگ اور پولیس کیساتھ مظاہرین کی جھڑپیں، کم از کم 93 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے،زخمیوں میں سے بیشتر کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے ، مرنے والوں میں 14پولیس اہلکار ، احتجاجی طلباء کی بڑی تعداد کیساتھ ساتھ حکمران جماعت عوامی لیگ اور ان سے منسلک ذیلی تنظیموں کے کارکنان ، اپوزیشن جماعت بی این پی اور ان کی ذیلی طلباء تنظیم کے کارکنان بھی شامل ہیں، مختلف شہروں میں جلاو گھیراو، ملک بھر میں دوبارہ کرفیو نافذ کردیا گیا ، انٹرنیٹ سروس معطل ، فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ، وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا ہے کہ سڑکوں پر نکلنے والے طلباء نہیں دہشتگرد ہیں ، انہیں کچل دیں گے ،سکیورٹی کابینہ کے اجلاس کے بعد حسینہ واجد نے کہا کہ عوام ان دہشتگردوں کیساتھ سختی سے نمٹیں ، ملک بھر میں تین روزہ عام تعطیل کا بھی اعلان کردیا گیا ، بنگلادیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے کہا کہ فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے اور اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، ہم ہمیشہ اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری افواج عوام کی حفاظت کی خاطر اور ریاست کی کسی بھی ضرورت کے لیے مستعد اور مکمل طور پر تیار ہیں، بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیفس اور آرمی افسران نے ملک کی مسلح افواج سے عام طلبہ کے ہجوم کا سامنا نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ امتیازی سلوک کے خلاف سراپا احتجاج طلباء نے کرفیو کا نفاذ مسترد کرتے ہوئے آج (پیر کو) "ڈھاکا کی طرف مارچ " کا اعلان کردیا ہے ، مظاہرین کا ا یک ہی مطالبہ ہے شیخ حسینہ کی زیرقیادت حکومت مستعفی ہو ، احتجاجی طلباء نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاجی مارچ میں شریک ہوں ۔ قبل ازیں احتجاجی مظاہروں کے پرتشدد شکل اختیار کرنےکے بعد مختلف شہروں میں مظاہرین نے متعدد گاڑیوں، عمارتوں اور املاک کو آگ لگادی، کئی علاقوں میں مظاہرین پر مسلح جتھوں نے حملے کئے اور انہیں چن چن کر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ، صرف ڈھاکا میں 12افراد فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں مارے گئے جن میں یونیورسٹیوں کے طلباء بھی شامل ہیں۔ سراج گنج کے علاقے میں 18افراد پرتشدد واقعات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں 13 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ، نامعلوم افراد نے عنایت پور پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول کر وہاں موجود 13 پولیس اہلکاروں کو تشدد کرکے ہلاک کردیا، پولیس ذرائع کے مطابق چند افراد نے پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولا، وہاں توڑ پھوڑ کی اور املاک کو آگ لگادی، مشتعل افراد نے ڈیوٹی پر موجود 13 اہلکاروں کو تشدد کرکے ہلاک کردیا۔کمیلا کے علاقے میں بھی ایک پولیس اہلکار کو ہجوم نے تشدد کرکے مار ڈالا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق فینی اور لکشمی پور میں 8،8افراد مارے گئے ، نارسندگی میں6افراد ، رنگ پور ، سلہٹ اور بوگورا میں4، 4افراد پرتشد د واقعات میں ہلاک ہوئے ، پبنہ ، کشور گنج، شیر پور ، کمیلا اور منشی گنج میں 3،3افراد لقمہ اجل بنے، کاکس بازار بریشل، بھولا ، جوئے پور ہٹ ، ہبی گنج اور سوار میں ایک ایک شخص فائرنگ اور دیگر واقعات میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ احتجاجی طلباء نے اتوار کی شام سے غیر معینہ مدت کے لئے ملک گیر کرفیو کو مسترد کر دیا ہے۔ طلباء تحریک کے رابطہ کاروں میں سے ایک حسنات عبداللہ نے اتوار کی شام ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ، ’’ایک نکاتی تحریک چلانے کے بعد ان کا (حکومتی) کوئی بھی حکم موثر نہیں رہا۔ لہذا، ہم حکومت کے اعلان کردہ کرفیو کو مسترد کرتے ہیںʼʼ۔سابق فوجی افسران نے اتوار کی سہ پہر ڈھاکہ میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس کا مقصد ملک کی موجودہ صورتحال میں بحران کو حل کرنے کے حوالے سے تجاویز دینا تھا۔ ایک تحریری بیان میں سابق آرمی چیف اقبال کریم بھویاں نے کہا کہ ’فوری طور پر مسلح افواج کو واپس آرمی کیمپ میں لانا اور انھیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ضروری ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے پہل کریں۔ محب وطن مسلح افواج کو طلبہ کے ہجوم کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔‘عوامی لیگ کے رہنما اور وزیر جہانگیر کبیر نانک نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں بی این پی اور جماعت کے دہشت گرد گروپوں کی طرف سے کی جانے والی انارکی کا مقابلہ کریں۔ وہ اتوار کو مسلم لیگ کی صدر شیخ حسینہ کے دھان منڈی کے سیاسی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔نانک نے کہا کہ حکومت کو ہٹانے کا ایک نکاتی مطالبہ اقتدار کے حصول کے لیے بی این پی اور جماعت کے سازشیوں کا حصہ ہے۔
اسلام آباد پاکستانی دفتر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے دوران اسلام آباد سفارتی کمیونٹی بلخصوص...
اسلام آباد وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف وزارتوں اور محکموں میں رائٹ سائزنگ کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کی ذیلی...
اسلام آباد سپریم کورٹ نے ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے اپنی سیاسی پارٹی کی پالیسیوں سے انحراف سے...
اسلام آبادصدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں جمہوریہ چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا صدر مملکت نے...
اسلام آباد سعودی وزیر نے کہا ہے کہ جہاز کا دروازہ کھلتے ہی پاکستان میں گرمجوشی کی فضا محسوس کی،پاکستان ہمارا...
ملتان،وہاڑی محکمہ داخلہ کی جانب سے پنجاب کے 8 شہروں میں فوری طور پر تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی...
کوئٹہ بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کان پر راکٹ حملے میں 9؍کان کن جاں بحق ہوگئے جیو نیو زکے مطابق میڈیکل...
اسلام آبادورلڈبینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سمیت تین بڑے چیلنجز درپیش ہیں...