الیکشن ترمیمی بل آج قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کئے جانیکا امکان

05 اگست ، 2024

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر،آن لائن) سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج پیر کو ہونگے، حکومت کی جانب سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے حوالے سے مذمتی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج سوموار کو 11 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہوگا جس کا 31 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی کی جانب سے دیئے جانے والے ایجنڈے کے علاوہ حکومت کی جانب سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل بھی پیش کیا جائے گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا۔ اجلاس میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی جبکہ پرائیویٹ ممبر ڈے کے طور پر نجی اور حکومتی بلز پیش کئے جائیں گے۔ ان میں سید رفیع اللہ اور سحر کامران پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر پر عوام کی تشویش کے بارے میں توجہ دلائو نو ٹس بھی پیش کریں گے۔ ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو تیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل2024پیش کریں گی۔ نوید عامر قومی کمیشن برائے حقوق بچگان (ترمیمی) بل 2024پیش کریں گے۔ شرمیلا فاروقی اسلام آباد میں بچوں کی شادی کی امتناع کا بل 2024پیش کریں گی۔ کھیسو مل داس راوی انسٹی ٹیوٹ (توانائی) ساہیول بل 2024پیش کریں گے۔ عاشہ نذیر اور شیر علی ارباب اسلام آباد میں ڈبہ بند دودھ کی قیمتوں میں اضافہ پر عوام کی تشویش کے بارے میں توجہ دلائو نوٹس پیش کریں گے۔