لاہور،اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ ، نمائندہ جنگ )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی مسائل سے آگاہ ہیں، سی پیک منصوبے ہمارے دور میں مکمل ہونگے،آئی پی پیز سے متعلق ترجیحات زیرغور ہیں،چین سے دوستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امید ہے چینی حکومت قرضے 5 سال ری شیڈول کرنیکی درخواست پر مثبت ردعمل دیگی، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسمیشن تیز کرنیکا ہدف اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی خرابیوں کے ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف سےچائنہ پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والے سینئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو دورہ چین کی کامیابی سے آگاہ کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ، چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چاہئے۔ اپنے حالیہ دورہ چین میں اہم مقاصد حاصل کئے ،پاکستان نے چین کو باضابطہ طور پر پاکستانی قرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی ہے، امید ہے کہ چینی حکومت ہماری درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی،وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں ،آئی پی پیز پر ترجیحات کا جائزہ لے رہے ہیں،200یونٹس تک کے صارفین کو ریلیف دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے کچھ عرصے میں چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرینگی، چین کی عوام کی ترقی انکی یکجہتی میں پنہاں ہے،پاکستانی عوام کو بھی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے مٹھی کی طرح یکجا ہونا پڑے گا۔ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ان کی حفاظت پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک جاری ہے اور جاری رہے گا، ہماری کوشش ہے کہ سی پیک کے منصوبوں کو اپنی حکومت کے دور میں جلد از جلد مکمل کریں۔، چینی عہدیداران نے شہباز سپیڈ کا بارہا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کے اصلاحاتی اقدامات کی بھی تعریف کی۔وزیراعظم شہباز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ،رانا مشہود، شیزا فاطمہ، اسد الرحمان گیلانی نے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتوار کو اپنی زیرِ صدارت ٹریک اینڈ ٹریس کے حوالے سے بلا ئے گئےجائزہ اجلاس کے دوران معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا ہدف دے دیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ مکمل ڈیجیٹائزیشن اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریسٹرکچرنگ ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہیں، وزیر اعظم نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ کو ایف بی آر ٹرانسفارمیشن منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی،وزیرِ اعظم کو ٹریک اینڈ ٹریس کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے خرابیوں و بے ضابطیوں کے ذمہ داران کیخلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی ، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے ایف بی آر کی اصلاحات بہت ضروری ہیں، پاکستان کے غریب عوام کی ایک ایک پائی بچانے کیلئے دن رات محنت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا،وزیر اعظم نے ایف بی آر کی ٹریک اینڈ ٹریس کے مکمل نفاذ میں غفلت کے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے تمام اقدامات پر جلد عملدرآمد کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ماڈل ٹائون میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا ، اجلاس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر اہم مشاورت کی گئی،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرکاء کو تاجر برادی سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں
اسلام آباد پاکستان میں سیاسی و مذہبی جماعتوں پر پابندی عائد کئے جانے کی تاریخ خاصی پرانی ہے کمیونسٹ پارٹی...
اسلام آباد چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی اس مرتبہ پاکستان کے حصے میں آئی ہے پاکستان نے جس کیلئے ابتدائی...
اسلام آباد / کراچی وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی لگادی ہے اور اس کانوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پی...
اسلام آباد تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمٰن کا احتجاج ملتوی کرنے کا مشورہ رد کرکے انہیں حکومتی اتحاد سے...
پشاوروزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ انہیں کسی نے گرفتار نہیں کیا بلکہ وہ پوری...
اسلام آباد سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر میاں نواز شریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل...
کراچی جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے...
کراچی معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نےکہا ہے کہ پاکستان میں اسلام کے نام پر بنا یہاں قرآن کا قانون...