ماتحت خاتون افسر کو ہراساں کیوں کیا، کابینہ ڈویژن کے افسر کو سزا مل گئی

05 اگست ، 2024

اسلام آباد (رانا غلام قادر) کابینہ ڈویژن میں بھی ایک مرد افسر کی جانب سے ماتحت گریڈ سترہ کی خاتون مائیکرو فلمنگ افسر کو ہراساں کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ انکوائری میں متعلقہ افسر کے خلاف ہراساں کئے جانے کی شکایت ثابت ہوگئی۔ جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن رانا منظور احمد نے انکوائری کی۔ خاتون افسر نے شکایت کی تھی کہ ان کے انچارج افسر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنکل این ڈی ونگ انہیں مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن کامران علی افضل نے انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ان کے خلاف انضباطی کارروائی کی منظوری دی۔ سیکرٹری کابینہ نے افسر کو 5 سال کیلئے سالانہ انکریمنٹ کو معطل کرنے کی سزا دی ہے۔