بجلی بل کم کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، جلد ریلیف دینگے، وزیر توانائی

05 اگست ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ ہماری حکومت قائم ہونے کے بعد وزیراعظم کی پہلی ہدایت یہی تھی کہ بجلی کو سستی کریں، بجلی کے اوپر سود اور روپے کی قدر کم ہونے کا بوجھ ہے جسکی وجہ سے بجلی کا استعمال کم ہوتا جارہا ہے، بجلی کا استعمال کم ہونے کا بھی الٹا ایک بوجھ پڑتا ہے، بجلی کے بل کم کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے، بجلی بل پر ٹیکس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم فل اسپیڈ سے رواں دواں ہیں جلد ہی عوام کو ریلیف دینگے، ہماری حکومت نے جماعت اسلامی کو انگیج کیا ہوا ہے، یہ سیاسی ایشو نہیں ہے اس وقت حکومت اپوزیشن سے چار قدم آگے کام کررہی ہے،اس کے اوپر سیاست کرنے کی کوئی تک نہیں ہے،یہ حکومت جتنا اس کام میں سنجیدہ ہے اتنا آج تک کوئی نہیں رہا، حافظ نعیم الرحمن آج مناظرہ کرلیں گریٹ ڈیبیٹ کرلیں، اپنے ساتھ چار انجینئرز بھی لے آئیں میں اکیلا ان کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہوں، ہم تمام آئی پی پیز کے کیس کو ری اسٹڈی کررہے ہیں کافی تفصیل میں پہنچ گئے ہیں۔ان خیالات کا ااظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اویس لغاری نے کہا کہ گھریلو صارفین کے اوپر18 فیصد ٹیکس ہے ،جی ایس ٹی کی شرح کسی ملک میں اتنی نہیں ہے جتنی یہاں ہے ،ترجیح یہی ہے کہ ہم اپنے بجلی کے بلوں کو کم کریں۔