آئی پی پیز ، ترجیحات زیر غور، شہباز شریف

05 اگست ، 2024

 اسلام آباد ،لاہور( نیوز رپورٹر ، نمائندہ جنگ ) وزیر اعظم  شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی مسائل سے آگاہ ہیں، سی پیک منصوبے ہمارے دور میں مکمل ہونگے،آئی پی پیز سے متعلق ترجیحات زیرغور ہیں،چین سے دوستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امید ہے چینی حکومت قرضے 5 سال ری شیڈول کرنیکی درخواست پر مثبت ردعمل دیگی،  وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسمیشن تیز کرنیکا ہدف  اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی خرابیوں کے ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا ۔  وزیراعظم شہباز شریف  سےچائنہ پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والے سینئر صحافیوں نے  ملاقات کی۔  وفد نے وزیراعظم کو دورہ چین کی کامیابی سے آگاہ کیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ،  چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چاہئے۔