مجھ سے جھوٹ مت بولو، بائیڈن اسرائیلی وزیراعظم پر برس پڑے

05 اگست ، 2024

کراچی(نیوزڈیسک)امریکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ امریکی صدر بائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں شدید تلخ کلامی ہوئی، جوبائیڈن نے اپنی گفتگو میں نیتن یاہو کو کہا کہ مجھ سے جھوٹ مت بولو، انہوں نے فلسطینی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات پر زور دیا۔جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ بیروت اور تہران میں قتل کی وارداتوں نے ہلا کر رکھ دیا ہے، معلوم نہیں اب ایران جوابی حملے سے گریز کرتا ہے یا نہیں، میری بے قدری مت کرو، حماس اور حزب اللہ رہنماوں کو تمہارے دورہ امریکا کے فوری بعد نشانہ بنایا گیا ہے۔امریکی صدر نے دوران گفتگو اسرائیلی وزیر اعظم کو خبردار کیا کہ ممکنہ ایرانی حملے کے بعد اسرائیل نے دوبارہ جواب دینے کی کوشش کی تو امریکہ سے کسی مدد کی توقع نہ رکھے،انہوں نے ایک یا دو ہفتوں کے اندر جنگ بندی معاہدے کو حتمی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب پینٹا گون نے بیان جاری کرتے ہوئے مشرق وسطی میں کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ جنگ کو بڑھانا ناگزیر نہیں ہے، کشیدگی کم ہوگی تو تمام ملکوں کو اس سے فائدہ ہوگا، اسرائیل کو خطے میں امریکی پوزیشنز سے آگاہ کردیا ہے، خطے میں مزید تعیناتیوں کا فیصلہ نہیں کیا۔غیر ملکی میڈیا نے دعوی کیاہے کہ ایران کی جانب سے 12 اگست کو اسرائیل پر مبینہ حملہ کرنے کا منصوبہ ہے ، ایران کو حملے میں حزب اللہ کی معاونت حاصل ہوگی،12 اگست کو یہودیوں کا مذہبی طور پر یوم سوگ ہے اور اس خاص دن پر اسرائیل کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔