ای اینڈ پی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کیلئے تشکیل کمیٹی کا اجلاس نہ ہوسکا

05 اگست ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)ای اینڈ پی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کیلئے تشکیل کمیٹی کا اجلاس نہ ہوسکا، کمیٹی میں نجی شعبے کی معروف کاروباری شخصیات اقبال زیڈ احمد اور غیاث عبداللہ پراچہ کے بھی نام شامل۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں 18 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جسے وزیر اعظم نے 5 جولائی 2024 کو تشکیل دیا تھا تاکہ تیل اور گیس کے شعبے میں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ کمیٹی کو گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے عفریت سے نمٹنے، ٹائٹ پالیسی 2024 کو فعال کرنے اور گیس سے متعلق دیگر امور پر منصوبوں پر کام کرنے کے لیے 3 ہفتوں کا مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ تین ہفتے کا وقت گزر گیا لیکن کمیٹی کا اجلاس ابھی تک نہیں ہوا بلکہ اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی لائحہ عمل سامنے لانے میں بھی ناکام رہا جس کا تیل اور گیس کے شعبے کو سامنا ہے۔