غزہ میں بچوں کا قتل عام جاری، اسکولوں پر بمباری، درجنوں شہید

05 اگست ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں بچوں کا قتل عام بدستورجاری ، اسرائیلی فورسز نے اتوار کے روز مزید دو اسکولوں پر بمباری کردی جہاں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پناہ گزینوں کیلئے شیلٹر قائم کئے گئے ہیں ، بمباری میں مزید 30فلسطینی شہید ہوگئے جن میں بڑی تعداد میں بچے شامل ہیں ، بمباری کے بعد دونوں اسکولوں میں دل دہلا دینے والے مناظر دیکھے گئے جہاں ہر طرف لاشیں اور ز خمی خون میں لت پت نظر آئے ، ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے اردن کے وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے ملاقات کی ہے ، اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور صہیونیوں کی بڑی غلطی تھی جس کا جواب ضرور دیا جائے گا ۔پیزشکیان نے کہا کہ ایران تمام اسلامی ممالک اور دنیا کے آزاد عوام سے توقع کرتا ہے کہ وہ ایسے جرائم کی سختی سے مذمت کریں گے۔