ایف بی آر اور ایف آئی اے کو ایکدوسرے کو چیلنج سے مسائل پیدا

05 اگست ، 2024

اسلام آباد(مہتاب حیدر) ایف بی آر اور ایف آئی اے کی جانب سے ایک دوسرے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور اب یہ معاملہ قانونی مقدمہ بازی تک جا پہنچا ہے۔ یہ ریاست بنام ریاست کا ایشو ہے کیونکہ ریاست کا ایک ادارہ دوسرے کے خلاف درخواست دائر کر رہا ہے جبکہ سینئر حکام مسئلہ سلجھانے کی بجائے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ صحیح اور غلط پر بحث کرنے سے پہلے حقائق کا پتہ لگانے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قصورواروں کے خلاف کارروائی اور اس مسئلے کو حل کرے۔ لیکن یہ معاملہ شدت اختیار کر رہا ہے کیونکہ ایف آئی اے نے ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن میر بادشاہ وزیر کو دوسرا نوٹس بھیج کر کہا ہے کہ وہ کرپشن، کک بیکس اور دیگر سنگین الزامات کے تحت ایف آئی اے میں پیش ہوں۔ قبل ازیں، ایف بی آر نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے ایکٹ 1974 کی دفعہ 3 (1) کے مطابق ایف آئی اے شیڈول میں آنے والے گناہوں کے حوالے سے انکوائری اور انویسٹی گیشن کی جائے گی۔ شیڈول ایکٹ میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کا ذکر ہے اور نہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کا۔ لہٰذا ایف آئی اے کے پاس ٹیکس دہندگان کی بڑی کمپنیوں کو کیے گئے ریفنڈز کے حوالے سے ایف آئی اے کو انکوائری کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ مزید یہ کہ وکیل کا کہنا تھا کہ2001 کے آرڈیننس کے سیکشن 216 (1) کے تحت سرکاری ملازم محکمہ کے ریکارڈ کو ظاہر نہیں کر سکتا۔