پاکستانی نیوزچینل کےمریم نواز پر جھوٹے الزامات،برطانیہ میں نشریات بند

05 اگست ، 2024

لاہور (نمائندہ جنگ) برطانیہ میں پاکستانی اردو چینل مریم نواز کے ہتک عزت کیس پر بند ہورہا ہے ۔نیوزچینل نے اپنے وکلا کے مشورے پر کہ مذکورہ کیس میں اس کی شکست واضح ہے اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ برطانیہ میں توشہ خانہ کیس میں الزامات نشر کرنے پر ڈھائی لاکھ پونڈ اسٹرلنگ اخراجات ادا کرنے پڑ جاتے ۔ جس پر برطانیہ میں نیوزچینل نے اپنی نشریات بند کردی ہیں ۔ مسلم لیگ (نون) کی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے برطانیہ ہائی کورٹ میں نیوزچینل کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے ۔ چینل نے مریم نواز پر جھوٹےالزامات عائد کئے تھے کہ انہوں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور بیورو کریٹس کی ملی بھگت سے توشہ خانہ سے تحائف وصول کئے ۔ واضح رہے کہ نیوزچینل نے برطانیہ میں سینیٹر اسحاق ڈار سے ہتک عزت کیس میں معذرت کرلی تھی۔ جب کہ برطانیہ میں ن لیگ کےرہنما ناصر محمود کے خلاف ہتک عزت ضمن میں مذکورہ چینل کو شکست ہوئی ،مذکورہ نیوزچینل پاکستان میں انڈسٹریل گروپ کی ملکیت ہے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چینل نے 31 جولائی 2024 سے برطانیہ میں اپنی نشریات بند کردی ہیں ۔ جس کا مشورہ چینل کے وکلا نے مقدمے میں ممکنہ شکست کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا تھا۔ گذشتہ ماہ چینل نے برطانوی حکومت کے ریگولیٹری اور اسکائی انتظامیہ کو نوٹیفکیشن بھیجا تھاکہ کمپنی برطانیہ میں اپنی نشریات بند کررہا ہے ۔ مریم نواز نے برطانوی ہائی کورٹ میں مقدمہ اس وقت دائر کیا جب نومبر 2022 کو پروگرام میں مریم پر توشہ خانہ سے تحائف لینے کا الزام عائد کیا تھا۔ جس میں 10 لاکھ مالیت کی گھڑی محض 45 ہزار روپے ادا کرکے وصول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ۔ یہ ایک کرپٹ اسکیم تھی جس میں مبینہ طور پر بیوروکریٹس کا تعاون حاصل تھا۔ الزام جھوٹا تھاکیونکہ مریم نواز نے کبھی ایسا کوئی تحفہ حاصل نہیں کیا۔