پاک ترکیہ بحری افواج میں پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے کا فیصلہ

05 اگست ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ترکیہ اور پاکستان بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترکیہ نیوی کے وفد نے اپنے سربراہ چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل ابراہیم اوزیم کی قیادت میں گزشتہ روز پاکستان نیوی کے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے برادر ملک ترکیہ کی بحریہ کے قائد اور وفد کا پرجوش استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے امیر البحر چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کے دوران دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ ہوا۔ ترکیہ نیوی کے ایڈمرل نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی میری ٹائم سکیورٹی کی کاوشوں کی تعریف کی۔