5اگست کے بھارتی اقدام کیخلاف دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا

06 اگست ، 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز) پانچ اگست 2019کو کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ منایا گیا۔یوم استحصال کے موقع پر نہ صرف پاکستان بلکہ مقبوضہ و جموں کشمیر سمیت پوری دنیا میں بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔پانچ سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل35اے اور 370 کا خاتمہ کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے بھارت کا حصہ قرار دے دیا تھا۔ ان دو مخصوص آرٹیکلز سے واضح تھا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، اس کا خصوصی قانون ہوگا۔اس روز بھارت کا مکرہ چہرہ نہ صرف بے نقاب ہوا بلکہ گزشتہ 75 سالوں سے مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارت کی جانب سے جاری مظالم پر دنیا کی بھی آنکھیں کھل گئیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ 5 اگست کو یوم سیاہ منائیں۔ادھر، یوم استحصال کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں حریت کانفرنس کی قیادت شریک ہوئی جبکہ ریلی میں اسکول کے بچے بھی شریک ہوئے۔ دفتر خارجہ کے ملازمین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد ریلی میں موجود رہی، ملازمین نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے۔وزارت خارجہ کے زیر اہتمام واک کے شرکاء نے ڈی چوک پہنچ کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور سائرن بجائے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا بھارت کی خام خیالی ہے کیونکہ کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کا جغرافیائی اور بھائی چارے کا گہرا تعلق ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ آج یہ لوگ پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیر اکیلا نہیں ہے۔