بھارت اور اسرائیل کو کشمیریوں اورفلسطینیوں کو ان کا بنیادی حق دینا پڑیگا، شہباز شریف

06 اگست ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کو کشمیریوں اور فلسطینیوں کوان کا بنیادی حق دیناپڑے گا، بات چیت سے ہی تمام تنازعات حل کئے جاسکتے ہیں، کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے،وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا خون رنگ لائےگا، بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ77سال قبل اگست کے مہینے میں قائد اعظم کی عظیم قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں سے پاکستان معرض وجو د میں آیاتھا۔ آج پاکستان کے عوام سبز ہلالی پرچم تلے اپنی زندگیاں بسرکررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ5اگست2019کو ہندوستانی حکومت نے غاصبانہ طورپراپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کو چھین لیا اور آرٹیکل370اور35اے کا خاتمہ کر کے کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو آباد ہونے کا قانونی حق دیاگیا ۔انہیں وہاں کے باشندوں کی جائیداد کی جبراً خریداری کا حق بھی دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ ظالمانہ قدم ہے جو تواتر کے ساتھ آزادی کا حق مانگنے والے لاکھوں کشمیریوں کے ساتھ گزشتہ 77 سال سے روا رکھاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیاتھا۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ، جب تک انہیں بنیادی حقوق مہیا نہیں ہو جاتے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی مدد جاری رکھے گا اور عالمی فورمز کے دروازے کھٹکھٹاتا رہے گا ۔ وہ وقت جلد آئے گا جب کشمیر ی ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 77 سال گزرنے کے باوجود کشمیر کی وادی ہزاروں کشمیریوں کے خون سے سرخ ہے اور ان پر ظلم کے جو پہاڑ توڑے گئے ان کی داستان دنیا کے سامنے ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج 5 اگست کو ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی عظیم جدوجہد کی داستان کو سلام پیش کرتےہیں۔ کشمیر کازکے لئے جن لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہم ان کو سراہتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ ان قربانیوں کو فراموش کیاجائےگا نہ یہ رائیگاں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری غلام عباس، سردار ابراہیم خان، میر واعظ محمد یوسف شاہ، سید علی گیلانی ، محمد اشرف صحرائی ، الطاف احمدشاہ، مولانا عبا س انصاری اور ان تمام بزرگوں ، نوجوانوں اور کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے نظریئے کے لئے دلوں کو گرمایا اور تحریک چلائی اور شبانہ روز آزادی کے لئے آواز اٹھائی،ہندوستان کے جبر کا بھرپور مقابلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم آسیہ اندرابی، یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کئی کئی سال دنیا کی سب سے بڑی جیل میں صعوبتیں اور ظلم برداشت کیا۔ ان کے گھروالوں کو ان سے ملنے نہیں دیاگیا۔ انہوں نے فوجی محاصرے میں یہ ظلم برداشت کیالیکن اپنی گردن نہیں جھکائی اور سنگینوں کے سائے میں کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بلند کئے جس سے ہندوستان کے عوام لرز اٹھے۔ ان نعروں کی گونج کو روکنے کے لئے ہندوستانی فوج نے تمام حربے استعمال اورتمام ظلم ڈھائے لیکن اس جذبے نے ہندوستان کی تمام کارروائیوں کو خاک میں ملا دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا خون رنگ لائےگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سردار ابراہیم خان ، سردار عبدالقیوم خان ، سردار سکندر حیات خان سمیت تمام مرحوم قائدین کو بھی خراج عقیدت پیش کرتےہیں جنہوں نے اپنی عمریں کشمیر کازکے لئے وقف کیں۔ ہندوستان کے ظلم کے آگے سرنہ جھکانے والے کارکنوں کو بھی سلام پیش کرتےہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ آج فلسطینی بھی اپنی آزادی کے لئے جانیں دے رہےہیں، غزہ میں ظلم ڈھایا جارہا ہے۔40 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیاگیا ہے۔ سکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،اسرائیلی فوجیں جو ظلم ڈھارہی ہیں اس سے بد ترین مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی مگر فلسطینی بھائیوں کی قربانیوں کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینیوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ذہن نشین کر لی جائےکہ ہندوستان کبھی بھی کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بناسکتا۔ وہ جتنا ظلم ڈھا لے وہ کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک دن آئےگا کہ اسرائیل اور ہندوستان کو ان مظالم کا جواب دینا پڑے گا اوران کے ناجائز قبضے سے وہاں کے عوام کو آزادی ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ آج پوری پاکستانی قوم ہندوستان کے 5 اگست 2019 کے اقدام کی بھرپور مذمت کررہی ہے ۔ وہ دن جلد آئے گا جب ہندوستان کو اپنے کئے ہوئے وعدے پورے کرنا پڑیں گے۔ آج کے دن دنیاکو د وٹوک پیغام ملنا چاہئے کہ بھارت کشمیریوں کی تقدیر کا فیصلہ یکطرفہ طورپر نہیں کر سکتا ۔ اس حوالے سے بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ کشمیریوں کا حق چھین سکتا ہے ۔ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو گا اور انہیں ان کا حق ضرور ملے گا۔