ایران 48گھنٹوں کے دوران اسرائیل پر حملہ کرسکتا ہے، امریکی وزیر خارجہ

06 اگست ، 2024

واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا ہے کہ ایرن اور ایرانی حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ 24سے48گھنٹوں کے دوران ایران پر حملہ کرسکتے ہیں تاہم واشنگٹن کے پاس یہ اطلاعات نہیں ہیں کہ حملہ کس وقت اور کس طرح کیا جائے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رپورٹ کے مطابق امریکی ویب سائٹ نے مشرق وسطیٰ میں علاقائی جنگ بڑھنے کے خدشات کے تناظر میں ایک غیر مصدقہ رپورٹ جاری کی ہے۔یاد رہے کہ ایران اور ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ حزب اللہ نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے شہید سربراہ اسمٰعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا بدلہ لینے کا عہد کیا ہے۔امریکی ویب سائٹ نے 3 نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک کانفرنس کال میں ʼجی سیونʼ کے نمائندوں کو بتایا کہ ایران اور حزب اللہ اسرائیل پر حملہ کرسکتے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ہم پر حملہ کرنے کی جرات کی تو انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔