افغانستان کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر4.12فیصد اضافہ

06 اگست ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)افغانستان کو پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 4.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال2024کے دوران افغانستان کو اشیا اورخدمات کی برآمدات سے ملک کو 544.008 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا جو مالی سال2023کے مقابلہ میں 4.12فیصدزیادہ ہے ۔ مالی سال2023میں افغانستان کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 522.271 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ جون 2024 میں افغانستان کو 46.073 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ سا ل جون کے مقابلہ میں 5.53 فیصد زیادہ ہے۔ جون 2023 میں افغانستان کو 43.65 ملین ڈالر تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں افغانستان سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 21.95فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ مالی سال 2024 میں افغانستان سے 11.92 ملین ڈالر درآمدات ریکارڈکی گئیں جو مالی سال 2023 میں 15.27 ملین ڈالر تھی۔ جون 2024 میں افغانستان سے 1.77 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈکی گئی ہیں جو مئی کے مقابلہ میں 36.67 فیصد زیادہ ہے۔ مئی میں افغانستان سے 2.80 ملین ڈالر مالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔