دوست ممالک سیف ڈپازٹ رول اوور کے ساتھ حکومتی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

06 اگست ، 2024

کراچی(این این آئی) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت پاکستان کے دوست عرب ممالک نے سیف ڈپازٹ رول اوور کے ساتھ حکومتی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے دوست ممالک سے سیف ڈپازٹس ادائیگی تین سال کیلیے موخرکروانے کا مطالبہ کیا ہے۔وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر شامل ہیں، ذرائع نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات نے منافع بخش تیل، گیس اور ڈسکوز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ قطر اور امارات ایئرپورٹس اور بندرگاہوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب تیل و گیس، بجلی، فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ عرب ممالک کا پی ایس او، اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور ڈسکوزمیں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع نے کہاکہ عرب ممالک نے کمپنیوں کی مالیت زیادہ ہونے پر سیف ڈپازٹ کے علاوہ بھی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہرکی ہے۔ ذرائع کے مطابق دوست عرب ممالک کی حکومتی کمپنیوں کو حکومتی کمپنیوں کی فروخت کا قانون موجودہے، حکومت کے اعلی حلقوں میں دوست عرب ممالک کی پیشکش کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ دوست عرب ممالک نے پاکستان کو 8 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی ہوئی ہے۔