سندھ ہائیکورٹ کا لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے موثر اقدامات کا حکم

06 اگست ، 2024

کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی کیلئےموثر اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر سے 3 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پیر کو سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے12لاپتا افراد کی بازیابی کیلئےدائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔عدالت نے لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے موثر اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پولیس لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے تمام اداروںکو خطوط لکھے۔ وفاقی اورصوبائی حکومت باہمی تعاون سے گمشدہ افراد کا سراغ لگائیں۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر سے 3 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ لاپتا افراد کی بازیابی کیلئےشہری شاہ وزیر، پروین بی بی، بنی شاہ اور دیگر نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔ علاوہ ازیں عدالت نےصوبے میں ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات سے متعلق درخواست پر سندھ حکومت سے 4ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کرلیا