لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں

06 اگست ، 2024

لاہور ( این این آئی)لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)سمیت دیگر فریقین سے مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، درخواست میں نیب، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن اور پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔عمران خان کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مجھے تمام مقدمات میں ضمانت ملنے پر رہائی کے قریب نیب نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ درج تمام مقدمات، انکوائریز اور نظر بندی کے احکامات طلب کرے، عدالت عالیہ متعلقہ عدالت سے رجوع سے پہلے کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتاری روکنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔