سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل معیشت کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، احسن اقبال

06 اگست ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امن، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل معیشت کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فائیو ایز فریم ورک پر عملدرآمد اور حکمت عملی کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ فائیوایز فریم ورک کے تحت کثیر الجہتی حکمت عملی 2022 میں ایک ہزار سے زائد ماہرین کی مشاورت سے تیار کی گئی، حکومت نے 2022 میں ٹرن ارائونڈ کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی، فائیو ایز فریم ورک قلیل المدتی سے طویل المعیاد بنیادوں پر حکمت عملی کا احاطہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پر مبنی ترقی سے تجارتی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے کم کرنے میں مدد ملے گی، معیشت کے استحکام کے لئے ہر شعبے میں پیداوریت کی شرح بڑھانے کی ضرورت ہے ۔