کشمیریوں کے حوصلے بلند،تحریک آزادی جلد منطقی انجام تک پہنچے گی،سردارعتیق

06 اگست ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے کہا ہےکہ 5اگست مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،دنیا کا کوئی مورخ شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو نہیں بھلا سکتا کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور تحریک آزادی جلد منطقی انجام تک پہنچے گی۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ویڈیو پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ 5اگست کا دن جموں وکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ریاست جموں وکشمیر کے ہرمرد وزن کے دل بھارت کیخلاف نفرت کا ایک مستقل مورچہ ہے۔انہوں نے کہاکہ سو سال جبر برداشت کرنے والی قوم کے ہاتھ سے صدیوں تک ہتھیار نہیں چھڑائے جاسکتے، کشمیری عوام آج دنیا بھر میں سراپہ احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بھارتی جبروتشدد جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچنے کو ہے،10 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی تحریک آزادی کے مضبوط اور طاقتور ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ تحریک آزادی کشمیر جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچنے کو ہے،پاکستان جموں وکشمیر کے عوام کی آخری اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے۔