بھارت اپنی حرکتوں سے باز آ جائے، کشمیری ڈرنے والے نہیں ، مقررین

06 اگست ، 2024

چناری چکوٹھی(جنگ نیوز) پانچ اگست 2019 یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے لائن آف کنٹرول چناری چکوٹھی میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا تقریب میں انجمن تاجران، سیول سوسائٹی، سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے بھارت کیخلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ انھوں نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی حرکتوں سے باز آجائے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں وہ کشمیریوں پر جتنے بھی ظلم وستم ڈھائے گئے اتنے ہی ان کے ارادے مضبوط ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو بھارت کے ان ظالمانہ اقدامات کو فوری بند کروانا ہوگا تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے انھوں نے کہا کہ 05اگست 2019کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کئے ہیں جن کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق ان کو جینے کا حق دیا جائے۔