یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی گئی

06 اگست ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے گزشتہ روز بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کیخلاف یوم سیاہ منایا ملک بھر میں یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا ،اس حوالے سے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام دفتر خارجہ سےپارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کی ،اس موقع پرڈپٹی وزیر اعظم ، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ ،حریت کانفرنس کےکنونئیر غلام محمد صفی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ریلی کے شرکاء نے پاکستان و آزاد کشمیر کے جھنڈے، بینر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کیخلاف نعرے درج تھے ، شرکاء نے آزادی کے حق اور بھارت کیخلاف پرجوش نعرے بازی کی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوے اسحاق ڈار نے کہا کہ آج سے پانچ سال قبل بھارت نے جو غیر قانونی اقدامات کئے وہ اقوام متحدہ کی قراردوں کے منافی اور بین الاقوامی قوانین کیخلاف ہیں ، بھارت مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا ، کشمیری عوام کی امنگوں کیخلاف کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اتنا ہی جمہوریت کا دعوےدار ہے تو وہ جموں و کشمیر میں فوری طور پر رائے شماری کرانے کا اعلان کرے ۔امیر مقام نے کہا کہ پاکستانی قوم بیدار ہے اور کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ سردار تنویر الیاس ، زمرد خان اور غلام محمد صفی نے بھی خطاب کیا ۔ ریلی کے شرکاءکی جانب سے ڈی چوک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ریلی کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ قبل ازیں ”یوم استحصال کشمیر “ کے موقع پر دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی۔ ادھروفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پیر کو وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کے ہمراہ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں، آزادی بنیادی حق ہے، ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلا جواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔