سینیٹ، اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے ایک دوسرے کیخلاف نعرے، اجلاس ملتوی

06 اگست ، 2024

اسلام آباد( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) ایوان بالا میں اپوزیشن اور حکومتی بنچوں کے مابین ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا ،چیئرمین سینیٹ کی بار بار تنبیہ کی باوجود حکومتی اور اپوزیشن اراکین نعروں سے باز نہیں آئے جس پر اجلاس منگل کی شام تک ملتوی کردیا گیا، اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر بنانے گئے کیسز کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید نے ایوان بالا کا ماحول خراب کردیا۔ اس موقع پر حکومتی وزراءاور پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جس پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے بھی بھرپور جواب دیا اور ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو بار بار بیٹھ جانے اور شور نہ کرنے پر اپوزیشن لیڈر بھی سیخ پا ہوگئے اور چیئرمین کو مخاطب کرکے کہا آپ حکومت اور پیپلز پارٹی اراکین کو خاموش ہونے کا نہیں کہہ رہے ، اگر حکومت اور پیپلز پارٹی نے اسی طرح کا رویہ اپنائے رکھا تو ہم بھی انہیں بولنے ہیں دینگے۔ چیئرمین کی جانب سے بار بار منع کرنے کے باوجود بھی حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے ایوان میں شدید نعرے بازی ہوتی رہی ۔