SIFC پیٹرول اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پرغور کریگی

06 اگست ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) کل (بدھ) کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے ورکنگ گروپ کی میٹنگ ہو رہی ہے جس میں پیٹرول ہائی سپیڈ ڈیزل ، اور لائٹ ڈیزل آئل پر سیلز ٹیکس چھوٹ کو ختم کرنے کے آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ اس چھوٹ کے خاتمے کے بغیر مقامی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے معاشی طور پر ناقابل عمل ہو چکے ہیں، جس سے منصوبے کے اندرونی شرح منافع (IRRs) پر برا اثر پڑا ہے اور حکومت کی طرف سے 7 سال میں فراہم کیے جانے والے 1.6 ارب ڈالر کے مراعاتی پیکج کو بھی تقریباً بے اثر کر دیا گیا ہے۔ یہ حکومتی ٹیکس اقدام موجودہ ریفائنری آپریشنز کو غیر مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔فنانس ڈویژن، پلاننگ کمیشن، ایف بی آر چیئرمین، اوگرا چیئرمین، پاک عرب ریفائنری کمپنی (پارکو)، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (PRL)، نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (NRL)، اٹک ریفائنری لمیٹڈ (ARL)، اور سینیجیکو پی کے لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور SIFC ڈویژن کے کوآرڈینیٹر (پٹرولیم) اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔