وفاقی بیوروکریسی ، گریڈ 19 میں ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا اجلاس آج ہو گا

06 اگست ، 2024

اسلام آ باد( رانا غلام قادر ) وفاقی بیوروکریسی میں گریڈ 18سے 19 میں ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کا اجلاس آج برو زمنگل صبح ساڑھے 10 بجےاسٹیبلشمنٹ ڈویژن (کیبنٹ بلاک) میں منعقد ہو گا، اجلاس کی صدارت سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام للہ دھاریجو کریں گے۔ ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ 300 سے زائد افسران کو گریڈ 18 سے 19 میں ترقی کی منظوری دے گا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، آفس مینجمنٹ گروپ اور ایکس کیڈر افسروں کی ترقی کی منظوری بورڈ اجلاس میں دی جائے گی۔ ذ رائع کے مطابق پولیس سروس آف پاکستان کی 88 اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی 200 سے زائد اسامیوں پر افسران کو ترقی دینے کی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ اثاثہ جات ڈیکلیئر نہ کرنے والے اور انکوائریز کا سامنا کرنے والے افسران کے پروموشن کیسز بورڈ اجلاس میں زیرِ غور نہیں آئیں گے۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز و آئی جیز پولیس، ایڈیشنل سیکریٹری ٹو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، ایڈیشنل سیکریٹری قانون، جوائنٹ سیکریٹری کیریئر پلاننگ ون اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایکس کیڈر افسروں کے کیسز کیلئے متعلقہ محکموں کے سربراہ یا جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ کے آج ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔