حسینہ واجد فرارنہیں ہوئیں، انہیں محفوظ راستہ دیا گیا، ہمابقائی

06 اگست ، 2024

کراچی (جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کار، ماہر تعلیم اور مصنفہ ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا ہے کہ حسینہ واجد وہ فرار نہیں ہوئیں، انہیں محفوظ راستہ دیا گیا، جو کچھ بنگلہ دیش میں ہورہا ہے اسکی بازگشت اردگرد بھی سنائی دیتی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور معروف قانونی و آئینی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ میں کوئی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کرنا چاہتا کہ یہاں بھی ایسا ہوگا،لیکن کوئی بھی چنگاری کبھی بھی الائو بن سکتی ہے، سڑک ہمیشہ خاموش نہیں رہے گی، ان خیالات کا اظہار ان رہنمائوں نے جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں ن لیگ کے خلیل طاہر سندھو نے بھی پروگرام میں اظہار خیال کیا۔ پروگرام کے میزبان حامد میر نے اپنے تعارفی نوٹ میں بتایا کہ بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزماں نے عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وقار الزماں کے بارے میں بہت کم لوگوں کو یہ پتہ ہے کہ یہ حسینہ واجد کے رشتے دار ہیں۔اپنے مرضی کا آرمی چیف لانے کا مقصد تھا کہ اپنے اقتدار کوطول دیا جائے۔لیکن مرضی کا آرمی چیف حسینہ واجد کی حکومت کوبچا نہیں سکا۔بنگلہ دیش میں اب کیا ہوگا اور اس کے خطے پر کیا اثرات مرتب ہوں گے ۔ سینئر تجزیہ کار، ماہر تعلیم، مصنفہ، ڈاکٹر ہما بقائی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسینہ واجد فرار نہیں ہوئیں ان کو محفوظ راستہ دیا گیا۔حسینہ واجد کو اندرونی طو رپر فوج کی سپورٹ تھی اور بیرونی طور پر بھارت اور امریکا کی سپورٹ تھی۔بھارت نے حسینہ واجد کو ایک حد تک سپورٹ کیا۔آرمی چیف نے شروع نے سپورٹ کیا اور پھر وہ پیچھے ہٹے۔ حسینہ واجد کے صاحبزادے نے آرمی چیف سے کہا کہ ان کی حکمرانی جاری رکھیں ۔ آرمی چیف نے جواب میں کہا کہ یہ اب ممکن نہیں ہوگا۔اگر حسینہ واجد کو برطرف نہیں کیا جاتا تو صورتحال بہت تشویشناک ہوجاتی۔