حسینہ واجدکے20سال234دن اقتدار کا سورج غروب

06 اگست ، 2024

لاہور (صابر شاہ ) بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الراحمن کی بیٹی حسینہ واجد 20سال 234دن ملک کی وزیراعظم رہنما کے بعد حکومت مخالف تاریخی طلبہ تحریک کے نتیجے میں مستعفی ہونے کے بعد با لآ خر بیرون ملک فرار ہوگئیں ۔ وہ چار بار بنگلہ دیش کی وزیراعظم رہیں ۔ جو بنگلہ دیش میں کسی بھی سر براہ حکومت کا طویل تر ین دور اقتدار ہے ۔ وہ 23جون 1996ء کو پہلی بار وزیراعظم بنیں۔ جب انہوں نے بھارت سے دریائے گنگاکے پانی کی شراکت کا معاہدہ کیا وہ 15جولائی 2001ء تک 5سال 22دن تک اقتدار میں رہیں ۔ تب 6جنوری 2009ء تا5اگست 2024ء وہ15سال212دن اقتدار سے محروم کردیئے جانے تک برسر اقتدار رہیں۔ انہیں طلبہ اور عوامی احتجاج پر مستعفی ہو کر بنگلہ دیش سے فرار ہونا پڑا ۔ ان کے والد بنگلہ دیش کے بانی صدر شیخ مجیب الرحمن ملک کے تین سال 13دن صدر رہے ۔ یہ عرصہ 12جنوری 1972ء سے 25جنوری 1975ء تک کا ہے ۔ انہیں اگست 1975ء میں کچھ باغی فوجی افسروں نے رہائش گاہ میں گھس کر قتل کردیا ۔ اس بغاوت میں شیخ مجیب الرحمن کی اہلیہ دو بہو یں ‘ دیگر رشتہ دار ، ذاتی عملہ پولیس افسران اور ایک فوجی بر یگیڈ یر بھی مارے گئے ۔تاہم حسینہ واجد ان کی بہن ریحانہ حسینہ کے شوہر اور بچے یورپ کے دورے پر ہونے کے باعث قتل ہونے سے بچ گئے ۔ بھارتی وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی جانب سے سیاسی پناہ ملنے تک انہوں جرمنی میں بنگلہ دیش سفیر کی رہائش گاہ پر پناہ لے رکھی ۔