طلبہ کی مہلت کے بعد بنگلہ دیشی صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کردی، خالدہ ضیا بھی رہا، آرمی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ

07 اگست ، 2024

ڈھاکا(جنگ نیوز) بنگلادیش میں طلبہ تحریک کے رہنماؤں کی دھمکی کے بعد صدر محمد شہاب الدین نے پارلیمنٹ تحلیل کردی۔ طلبہ نے بنگلادیشی صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ3بجے تک پارلیمنٹ کو تحلیل کردیں اور ان کے دیے گئے ناموں پر مشتمل عبوری حکومت بنائی جائے ورنہ وہ سخت اقدام اٹھائیں گے جس کے بعد اب صدر نے اسمبلی تحلیل کردی ہے۔ احتجاجی طلبہ نے عبوری حکومت کے لیے نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کا نام دیا ہے جب کہ ڈاکٹر یونس نے بھی عبوری حکومت کی سربراہی کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ دوسری جانب بنگلادیشی صدر کے احکامات کے بعد بنگلادیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیاء کو بھی قید سے رہا کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب بنگلادیش کی فوج میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کردیے گئے۔بنگلادیش کے انٹرسروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ میجر جنرل ضیاء الاحسن کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ میجر جنرل ضیاء الاحسن ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور یہ ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔اس ایجنسی کے ذمہ ملکی صورتحال پر نظر رکھنا، اعدادو شمار جمع کرنا اور کمیونیکیشن مواد کی ریکارڈنگ شامل تھا۔اس کے علاوہ اس ایجنسی کو ای میلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی اور فون کالز ریکارڈنگ بھی کرنے کی اجازت ہے۔بنگلا دیشی آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سیف العالم کو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمان جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے۔ بنگلادیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایاکہ میجر جنرل ضیاء الاحسن کی جگہ میجر جنرل ردوان الرحمان ڈی جی این ٹی ایم سی ہوں گے۔ ادھربنگلادیش میں 16 سال سے برسراقتدار شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد آج بنگلادیشی اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا۔مقامی میڈیا کے مطابق ڈھاکا اسٹاک ایکسچینج براڈ انڈیکس میں آج 197 پوائنٹس یا 3.77 فیصد کا اضافہ ہوا جو گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔197 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ڈھاکا اسٹاک ایکسچینج آج براڈ انڈیکس 5،426 پوائنٹس پر بند ہوا۔مقامی میڈیا کے مطابق ڈی ایس 30 انڈیکس 75 پوائنٹس یا 4 فیصد کے اضافے کے بعد 1176 پوائنٹس جبکہ ڈی ایس ای براڈ شریعہ انڈیکس 32 پوائنٹس یا 2.86 فیصد اضافے کے بعد 1176 پوائنٹس پر بند ہوا۔دوسری جانب بنگلادیش میں چٹاگانگ اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی اور اس کا براڈ انڈیکس کیسپی 476 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 15 ہزار 393 پوائنٹس پر بند ہوا۔