ورلڈ بینک کا پنجاب حکومت سےپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر اتفاق

07 اگست ، 2024

لاہور ( نمائندہ جنگ ) وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک میں اشتراک عمل کے لئے صوبے کی تاریخ کی بڑی مفاہمت طے پاگئی۔ورلڈ بینک نے غربت میں کمی، معاشی و سماجی ترقی، ماحولیاتی بہتری، سموگ کے خاتمے کے لئے پنجاب حکومت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر اتفاق رائے کا اظہار کیا۔اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں تعلیم، صحت، صنعت، زراعت، لوکل گورنمنٹ، آبپاشی کے صوبائی وزرا نے اجلاس میں شرکت کی۔کنٹری ڈائریکٹر ناجے بین ہیسن کی قیادت میں ورلڈ بینک کے وفد نے تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی گفتگو کی اور مختلف امکانات کا جائزہ لیا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ خصوصی پروگرام میں شمولیت کا مقصد مجموعی ترقی کے عمل کو تیز بنانا ہے۔”کنٹری فریم ورک“ ورلڈ بینک کا بین الاقوامی پروگرام ہے جس میں شراکت دار ملک یا صوبائی حکومت سے مل کر زراعت، صحت، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تیز ترین ترقی حاصل کی جاتی ہے ۔