امیگریشن ایڈوائس سینٹر پر حملوں کا خدشہ ،وکلا کاحکومت سے سیکورٹی کامطالبہ

07 اگست ، 2024

لندن، لوٹن ( شہزاد علی)امیگریشن ایڈوائس سینٹرز اوروکلا پر انتہائی دائیں بازو کے عناصرکے حملوں کے خدشات کے پیش نظر وکلا نے وزیراعظم اوروزراسےسیکورٹی فراہمی کامطالبہ کیا ہے ،یہ مطالبہ وکلا نے امیگریشن ایڈوائس سینٹرز کو نشانہ بنانے کی انتہائی دائیں بازو کے گروپ کی منصوبہ بندی کی اطلاعات کے بعدکیا۔ لا سوسائٹی اور امیگریشن لا پریکٹیشنرز ایسوسی ایشن (آئی ایل پی اے) نے کہا کہ ان کے اراکین کوخطرات لاحق ہیں، ٹیلی گرام پر 60امیگریشن مراکز کی فہرست گردش کرنے کے بعد ایک پیغام کے ساتھ یہ خبردار کیا گیا تھا کہ انہیں بدھ کے روز احتجاج کا ہدف بنایا جا سکتا ہے۔لیبر ایم پیز سٹیلا کریسی اور سارہ سیک مین جیسے سیاستدانوں نے بھی اپنے حلقوں والتھمسٹو اور فنچلے میں امیگریشن ایڈوائس سینٹرز پر ممکنہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہریوں کی حفاظت کے بارے میں پولیس سے رابطے میں ہیں۔