سراج الحق کی حماس رہنما خالدمشعل سے ملاقات،اسماعیل ہنیہ کی شہادت پرتعزیت

07 اگست ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایک روزہ دورے پر ایران سے قطر پہنچ گئے۔جہاں انہوں نے حماس کے راہ نما ڈاکٹر خالد مشعل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسماعیل ہانیہ شہید کے فرزاندان عبدالسلام ہانیہ، ولید ہانیہ سمیت حماس کی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔ سراج الحق نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اہل غزہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہر طرح کی قربانی کے پُر عزم ہیں۔اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے امت مسلمہ کا دل زخم خوردہ ضرور ہوا ہے لیکن ایک جذبہ بھی بیدار ہوگیا ہے۔ہم اس مسلسل جدوجہد پر حماس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔یہ جنگ محض فلسطین کی آزادی کی جنگ نہیں بلکہ امت مسلمہ اور عالم اسلام کے تحفظ،بقا اور سلامتی کی جنگ ہے۔حماس نے گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں ملایا ہے۔امت مسلمہ کے بچوں،جوانوں،بزرگوں اور خواتین میں شہادت کے جذبے کو ابھارا ہے۔پاکستان اور اُس کے عوام اہل فلسطین کے ساتھ ہیں اور ہرح کی قربانی کے لیے تیار ہیں۔ حماس کے راہ نما خالد مشعل نے اس موقع پر پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا،جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت پاکستان آگے بڑھ کر مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کرے۔