اوورسیز پاکستانیوں کے دل اپنے ملک کیساتھ جڑے ہوئے،گورنر پنجاب

07 اگست ، 2024

لاہور( نمائندہ جنگ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے ملک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کے لیے گورنر ہائوس میں ڈیسک قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں یورپ کے مختلف ممالک اٹلی، فرانس اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانی کاروباری حضرات کے تعاون سے پاکستانی جامعات کی یورپین یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہاکہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملک کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔