افغان بلائنڈ کرکٹرز کو ٹریننگ دینے کیلئے قومی بلائنڈ کرکٹر افغانستان پہنچ گئے

07 اگست ، 2024

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا قابل ستائش اقدام، افغان بلائنڈ کرکٹرز کو ٹریننگ دینے کیلئے قومی بلائنڈ کرکٹر افغانستان پہنچ گئے۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے تعاون سے جلال آباد افغانستان میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا، بلائنڈ کرکٹرز کا کیمپ 16 اگست تک جاری رہے گا۔کیمپ میں پاکستان کے مایہ ناز بلائنڈ کرکٹرز مسعود جان اور ثنا اللہ خان کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، کیمپ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سلطان شاہ کی کوششوں سے لگایا گیا ہے۔کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کو کٹ اور کرکٹ کا سامان پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے دیا، کیمپ کے تمام اخراجات پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل برداشت کرے گی۔اس سے قبل پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش اور نیپال میں بھی بلائنڈ کرکٹ کی ڈویلپمنٹ کیلئے تعاون کیا۔