برطانیہ، مظاہرین سے نمٹنے کیلئے جیلوں میں قیدیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی

07 اگست ، 2024

کراچی(نیوزڈیسک)برطانوی حکومت نے پناہ گزینوں کے خلاف پُرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد سے نمٹنے کے لیے جیلوں میں قیدیوں کی گنجائش بڑھا دی ۔غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق ہفتہ بھر سے جاری پناہ گزین مخالف پُرتشدد مظاہروں نے کئی شہروں میں خوف و ہراس پھیلایا اور اس دوران متعدد ملکوں نے اپنے شہریوں کو برطانیہ کے سفر کےخطرے سے خبردار کیا ہے۔محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کو قید رکھنے کے لیے 600 مقامات کو جیلوں کے طور پر مختص کر لیا گیا ہے۔اب تک 400 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔محکمہ انصاف کی سیکریٹری شبانہ محمود نے کہا کہ اُن تمام افراد کو میرا یہ سادہ پیغام ہے جنہوں نے پُرتشدد کام اور بدمعاشی میں حصہ لیاکہ پولیس، عدالتیں اور جیلیں آپ کی منتظر ہیں، جہاں آپ اپنے کیے کے نتائج بھگتیں گے۔