بیروت میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے تین بار ساؤنڈ بیریئر توڑنے سے خوف

07 اگست ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک) حزب اللہ کے سربراہ کی تقریر سے عین پہلے گزشتہ روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے30 منٹ سے بھی کم وقت میں بیروت کے اوپر تین بار ساؤنڈ بیریئر توڑا،زوردار آوازوں کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی اور لوگ چھپنے کیلئے ادھر ادھر دوڑنے لگے۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنانی دارالحکومت پر نچلی پروازیں کیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وہ طیاروں کو بآسانی دیکھ سکتے تھے۔ بیروت میں برسوں میں پہلی بارسب سے زیادہ بلند آوازیں سنی گئیں۔بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک اسرائیلی حملے میں لبنانی مسلح گروپ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر فواد شکر کی شہادت کے حوالے سےحزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ شام تقریباََ 5 بجے خطاب شروع کرنے والے تھے۔حزب اللہ نے اس قتل کا جواب دینے کا عہد کیا ہے، جو تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل سے چند گھنٹے قبل ایک کارروائی میں شہید ہوئے،اسرائیل نے ان کے قتل کے الزام کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔