بنگلہ دیش ، خالدہ ضیاء رہا، فوج میں اکھاڑ پچھاڑ، پولیس ہڑتال پر،ڈاکٹر یونس عبوری حکومت سنبھالنے کیلئے تیار

07 اگست ، 2024

ڈھاکا(ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کیسابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو رہا کردیا گیا ہے،فوج نے کرفیو ختم کردیا ہے،ملک میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں جبکہ بنگلادیش کی فوج میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے،پولیس نے طلبہ مظاہرین کے حملوں سے تحفظ تک ہڑتال کردی ہے۔دوسری جانب ڈاکٹر یونس عبوری حکومت سنبھالنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔بنگلادیش کے انٹرسروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ میجر جنرل ضیاء الاحسن کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ میجر جنرل ضیاء الاحسن ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور یہ ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔اس ایجنسی کے ذمہ ملکی صورتحال پر نظر رکھنا، اعدادو شمار جمع کرنا اور کمیونیکیشن مواد کی ریکارڈنگ شامل تھا۔اس کے علاوہ اس ایجنسی کو ای میلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی اور فون کالز ریکارڈنگ بھی کرنے کی اجازت ہے۔بنگلا دیشی آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سیف العالم کو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے، اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمان جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے۔