چین ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے قرض ایک سال کیلئے رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرادی ، وزیر خزانہ

07 اگست ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں ) پاکستان کی درخواست کے برعکس چین ‘سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات نے 12ارب ڈالر کے قرضے ایک سال کے لئے رول اوور کرانے کی یقین دہانی کرائی ہےتاکہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری لی جاسکے ‘پاکستان نے تین تا پانچ سال کے لئے قرض رول اوورکرنے کی درخواست کی تھی ۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے اسے کنٹرول کرنا ہوگا‘ پاکستان کو تین تاپانچ ارب ڈالر کے فنانسنگ گیپ کا سامنا ہے ‘وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد کریگی نہ عالمی کمرشل بینکوں سے بلند شرح سود پر قرض لیا جائے گا‘ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور کول پاور پلانٹس کی مقامی کوئلے میں تبدیلی میں دو سے تین سال لگ سکتے ہیں‘رواں ماہ کےاختتام تک آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہو جائے گی ‘ اکتوبر میں آئی ایم ایف اور ورلڈبینک سے موسمیاتی فنانسنگ پربھی بات ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سینٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ دوست ممالک سے رواں ماہ قرض رول اوورہو جائے گا۔