امریکی سیاستدان یا حکومتی عہدیدار کے قتل کی ممکنہ سازش کا الزام، پاکستانی شہری گرفتار ، فرد جرم عائد

07 اگست ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے آصف مرچنٹ نامی پاکستانی شہری کو امریکی سرزمین پر ’ایک سیاستدان یا حکومتی عہدیدار کے قتل کی منصوبہ بندی‘ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ وہ اس وقت نیو یارک میں امریکی حکام کی تحویل میں ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق چالیس سالہ آصف مرچنٹ کے ایرانی حکومت سے مبینہ روابط ہیں،ایک بیان میں امریکی محکمۂ انصاف کا کہنا تھا کہ 46 سالہ آصف رضا مرچنٹ نے مبینہ طور پر امریکی سرزمین پر ایک سیاستدان یا حکومتی عہدیدار کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نیو یارک میں ایک ’ہِٹ مین‘ یعنی کرائے کے قاتل کو بھرتی کرنے کی بھی کوشش کی جو ایف بی کا ایجنٹ تھا ۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے حملے سے آصف مرچنٹ کا کوئی تعلق نہیں ہے ، ایف بی آئی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ایران کی ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کا نتیجہ ہے، آصف مرچنٹ کراچی میں پیدا ہوئے، شعبہ بینکنگ سے وابستہ رہے ہیں ، مختلف بینکوں میں مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں ۔