حکومت صنعتی شعبے کیلئے نئے پاور مراعاتی پیکجز متعارف کرائے گی

07 اگست ، 2024

اسلام آباد (اسرار خان) حکومت صنعتی شعبے کیلئے نئے پاور مراعاتی پیکجز متعارف کرائے گی، موسمی اور سال بھر کی مراعات شامل؛ بجلی چوری سے نمٹنے کیلئے خودکار ٹرانسفارمرزکیلئے 60 ارب روپے مختص۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بجلی اویس لغاری نے منگل کو اعلان کیا کہ پاکستان کے صنعتی شعبے کو متحرک کرنے کے لیے وفاقی حکومت اگلے دو ماہ کے دوران نئے پاور مراعاتی پیکجز متعارف کرائے گی۔ آنے والی اسکیموں میں موسمی اور سال بھر کی مراعات شامل ہوں گی، جو صنعتی توانائی کی کھپت کو تقویت دینے اور بجلی کی موجودہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔ پیکجوں میں سال بھر کے مراعات یافتہ پیکج کے ساتھ موسم سرما کے مہینوں کا پیکیج متعارف کرایا جائے گا۔ حکومت رات کے وقت بجلی کی کھپت کے پیٹرن کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ آف پیک اوقات میں کم شرحیں فراہم کی جا سکیں، جس کا مقصد صنعتی کارکردگی کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اگلے دو ماہ میں منظر عام پر آئے گا۔