جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک ختم، مذاکرات شروع

07 اگست ، 2024

کراچی، راولپنڈی (نیوز ڈیسک، نیوز ایجنسی) جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ، مذاکرات شروع ، جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ ڈیڈ لاک ختم ہوگیا ہے اور مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور رات 10:30 بجے راولپنڈی کے کمشنر دفتر میں ہوگا۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کرتے ہوے دھرنے کو لیاقت باغ سے اسلام باد کی طرف مارچ کرنے کا واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف، آصف زرداری حسینہ واجد کے انجام سے عبرت پکڑیں، قوم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہی ہے، نوجوانوں، طلبا، جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت پوری قوم سے کہتا ہوں کہ تیار ہو جائیں، پورے ملک کو بند کرنا پڑا تو بھی کریں گے، پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس کے سامنے بھی جائیں گے۔پرامن جدوجہد کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈلاک کے دواران 8 اگست کو اسلام آباد میں مارچ، 11 اور 12 اگست کو لاہور اور پشاور میں دھرنے اور 14 اگست شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ فریقین کے درمیان مذاکرات یکم اگست سے ڈیڈ لاک کا شکار تھے اور 6 روز بعد اج رات 10:30 بجے حکومت اور جماعت اسلامی کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کمشنر راولپنڈی کے دفتر میں ہوں گے۔