74 فیصد پاکستانی موجودہ آمدن میں اخراجات پورے نہیں کر پارہے

07 اگست ، 2024

اسلام آباد( قاسم عباسی) پاکستان کے شہری علاقوں کےصارفین کو لاحق مالیاتی چیلنجز گزشتہ سال کی نسبت 14 فیصد بڑھ گئے ہیں۔ پلس کنسلٹنٹ کی ایک تازہ ترین تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 74 فیصد پاکستانی اپنی موجودہ آمدن میں اپنے اخراجات پورے نہیں کرپارہے۔ مئی 2023 میں ان کی تعداد 60 فیصدتھی۔ان 74 فیصد افراد میں سے 60 فیصد نے اپنے اخراجات کم کیے،انہوں نے اشیائے خورونوش کی ضرورتوں میں کمی کی،40 فیصد نے اپنے اخراجات پورے کرنے کےلیے رقم ادھار پر لی جبکہ ان 74 فیصد افراد میں سے 10 فیصد ایسے بھی ہیں جنہوں نے اخراجات کم کرنے اور رقم ادھار لینے کے ساتھ ساتھ اضافی جزوی نوکریاں بھی کیں ۔ مزید برآں وہ لوگ جنہوں نے اپنے اخراجات کم کیے ان میں سے آدھے لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ وہ ضروری اخراجات میں کمی کے باوجود کوئی رقم بچا نہیں پائے۔