جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک ختم،مذاکرات شروع

07 اگست ، 2024

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے،خبر نگار خصوصی) جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک ختم، مذاکرات شروع ، منگل کی رات کمشنر آفس راولپنڈی میں حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری،وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے پانچ رکنی کمیٹی میں لیاقت بلوچ ،ماہر توانائی فراست شاہ، امیر العظیم اور نصراللہ رندھاوا مذاکرات میں شریک ہوئے۔ ادھر امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 8اگست کو مری روڈ سے آگے کی طرف بڑھیں گے،تفصیلات سے آج آگاہ کروں گا،11تاریخ کو لاہور، 12کوپشاورمیں عوامی دھرنے ہوں گے،تاجروں،صنعت کاروں سے مشاورت مکمل کرلی ہے،14اگست کے بعد ملک بھر میں ہڑتال کی کال دیں گے۔عام آدمی کا مقدمہ لڑیں گے۔حکمران بنگلہ دیش کے حالات سے سبق حاصل کرے۔بجلی کے بلوں میں کمی،تنخواہوں پر ٹیکسز کا خاتمہ،پٹرول لیوی کا خاتمہ اور آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزدھرنے کے مقام پر شرکاء اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔