ایران سے اسمگل شدہ تیل مصنوعات تیل صنعت اور قومی خزانے کیلئے نقصان دہ

07 اگست ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایران سے پائیدار بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ نہ صرف ملک کی ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیوں کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ ریونیو کے لحاظ سے قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔ مارچ-اپریل 2024 کے دوران اسمگل شدہ پی او ایل مصنوعات کی آمد 4000 ایم ٹی یومیہ تک بڑھ گئی جیسا کہ اوگرا نے تصدیق کی ہے جس سے تیل کی صنعت کو ماہانہ 35.6 ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے جس میں حکومت کو ہونے والے ریونیو میں ہونے والا نقصان بھی شامل ہے۔ ابھی پی او ایل کی مصنوعات کی آمد میں کچھ حد تک کمی آئی ہے، لیکن یہ اب بھی معقول جانب ہے اور ایران سے پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی تجارت کو روکنے کے لیے مزید حکومتی کوششوں کی ضرورت ہے۔