قومی اسمبلی، بھارت کی جانب سے کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کیخلاف قرارداد منظور

07 اگست ، 2024

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں بھارتی آئین میں ترمیم اور کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنےکے بھارتی اقدام کیخلاف قرارداد جسے کثرت رائے سے منظور کرلی جبکہ محمود خان اچکزائی نے مخالفت کردی ۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں امیر مقام نے قرارداد پیش کی، قرارداد میں کہاگیاکہ پانچ اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات اٹھائے گئے،اس دن کو پاکستان یوم استحصال کشمیر کے طور پر مناتا ہے، تنازع جموں کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر تاحال موجود ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں، ایوان کشمیر کی غیر متزلزل سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے،ایوان لاکھوں بھارتی افواج کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، بھارتی غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کرتا ہے، قراد داد پر بحث کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ میں نے کشمیر سے متعلق قرارداد کی مخالفت کی، قرارداد میں ترمیم لانا چاہتا تھاہم نے ہمیشہ آزادی کی تحریکوں کی حمایت کی کشمیریوں سے پوچھا جائے کہاں جانا چاہتے ہیں۔