غزہ مظالم پر آزادی کی خوشیاں ماند ، اسرائیلی بر بریت پر خاموشی افسوسناک ، اقوام عالم جنگ بندی میں فعال کردار ادا کریں ، وزیر اعظم

12 اگست ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باعث ہماری آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، اسرائیل دن رات نہتے فلسطینیوں پر آگ برساتا ہے،پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو افسوسناک ہے ،اقوام عالم جنگ بندی میں فعال کردار کریں،جنگ کا زمانہ ہو یا امن کا،اقلیتوں نے ہمیشہ ملک و قوم کا ساتھ دیا،ہمیں انہیں گلے لگانا چاہیے،انکے حقوق کی خاطر کوششیں جاری رکھیں گے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم کے خلاف صرف الفاظ سے کام لے رہی ہے، تاریخ میں اس سے زیادہ بربریت کی مثال نہیں ملتی۔ اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے لاہور میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی تمام اقلیتوں کی ملک کیلئے بے مثال خدمات ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا پاکستان میں سب کو آئین اور قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ یوم آزادی کی آمد آمد ہے اور اس کےساتھ ہم اقلیتوں کا دن بھی منا رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ کا زمانہ ہو یا امن کا، اقلیتوں نے ہمیشہ ملک و قوم کا ساتھ دیا، ملک کی تمام اقلیتوں کی ملک کے لیے بے مثال خدمات ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کون نہیں جانتا سیسل چوہدری کی کیا خدمات تھیں، جسٹس بھگوان داس اور جسٹس کارنیلیئس کی خدمات کو کون نہیں جانتا، لوگ آج بھی گنگا رام اسپتال سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں اپنی اقلیتوں کو گلے سے لگانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اقلیتی برادری کےحقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی، اقلیتی برادری کےحقوق کےلیےکاوشیں جاری رکھیں گے، اقلیتی برادری کےکوٹہ کے حوالے سے پوائنٹ نوٹ کر لیے ہیں، صوبائی حکومتیں بھی اقلیتی برادری کے حوالے سے یکسو ہیں۔وزیرِ اعظم نے چند روز پہلے وادی تیراہ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں زخمی ہونے والےلیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے 4 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ پاک فوج کے افسران و جوان پاکستان کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کر رہے ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔