ارشد ندیم میاں چنوں گھر پہنچ گئے، ماں کے قدموں کا بوسہ، کاندھے پر اٹھا لیا

12 اگست ، 2024

میاں چنوں،چیچہ وطنی، پھولنگر (جنگ نیوز، نامہ نگاران) پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے قومی ہیرو ارشد ندیم میاں چنوںاپنے آبائی گائوں101/15-L میں اپنے گھر پہنچ گئے۔ گھر پہنچنے پر رشتہ داروں اور گاؤں والوں نے اپنے ہیرو کا شاندار استقبال کیا۔گھر پہنچتے ہی ارشد ندیم نے ماں کے قدموں کا بوسہ لیا، ماں نے اپنے لعل کو گلے لگالیا۔ ارشد نے ماں کو کاندھے پر اٹھالیا، رشتے داروں اور دوستوں نے پھول نچھاور کیے۔ماں سے والہانہ محبت کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔اس سے قبل ارشد ندیم نے رائے ونڈ تبلیغی مرکز میں امیرتبلیغی جماعت نذرالرحمٰن سے بھی ملاقات کی۔ارشد ندیم علی الصبح نماز فجر کی ادائیگی کیلئے رائیونڈ تبلیغی مرکز پہنچے۔ ارشد ندیم نےمولانا نذر الرحمان سے مصافحہ کیا، اپنے حق میں دعا بھی کرائی۔بعد ازاں ارشد ندیم کا چیچہ وطنی بائی پاس پہنچنے پر تحریک انصاف کے صوبائی رہنما بیرسٹر رائے محمداقبال احمد خاں سمیت سینکڑوں شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے اورپتیاں نچھاور کیں، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔ اس موقع پر ارشد ندیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا میری کامیابی اللہ کی مدد، قوم اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ بعد ازاں وہ اپنے آبائی گائوں101/15-L میاں چنوں کیلئے روانہ ہو گئے۔اولمپئن ارشد ندیم نے میاں چنوں جاتے پھول نگر بائی پاس پر واقع معروف ریسٹورنٹ پر 100سے زائد اہلخانہ، دوست احباب اور عزیز و اقارب کیساتھ ناشتہ کیا۔مقامی افراد کی بڑی تعدادہوٹل پر امڈ آئی اور قومی ہیرو کا ڈھول کی تھاپ پر والہانہ استقبال کیااور ارشد ندیم کیساتھ سیلفیاں بنائیں۔ قافلے میں شامل افراد نے ناشتے میں سبزی،دال ماش،چاول،آملیٹ،چائے لی جبکہ اولمپئن ارشد ندیم نے ناشتے میں دال ماش اور دہی کھائی۔ قومی ہیرو کے بھائی شاہد نے جنگ کو بتایا کہ وہ اور انکے اہلخانہ لوگوں کی طرف سےپیار،احترام اور والہانہ پن کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔