یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک بگڑنا پریشانی کا باعث ہے، امیر مقام

13 اگست ، 2024

اسلام آباد(کے پی آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر ، شمالی علاقہ جات وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی صحت بگڑنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اورعالمی اداروں کو خط لکھ کریاسین ملک اور دیگر اسیر کشمیری رہنماؤں کی حالت زار سے آگاہ کیا جائے گا۔تفصیل کے مطابق امیر مقام نے کہا کہ بہادر کشمیری رہنما یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک بگڑنا نہایت پریشانی کا باعث ہے۔ بھارتی حکومت قید کشمیری قائدین کو صحت کی سہولیات نہ دے کر ان کے قتل کی مذموم حکمت عملی پر کاربند ہے۔۔ بھارتی جیلوں میں اس سے قبل بھی کشمیری قائدین اور اسیران کی شہادتیں ہوچکی ہیں۔ کورونا وبا کے دنوں میں بھی مقبوضہ کشمیر اور بھارتی جیلوں میں کشمیری اسیران کو صحت کی سہولیات سے محروم رکھا گیا تھا۔تہاڑ جیل میں جھوٹے مقدمات میں قید یاسین ملک کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انجینئیر امیر مقام نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے یاسین ملک سمیت اوردیگر کشمیری قائدین کی صحت وسلامتی کو لاحق سنگین خطرات پر فوری توجہ دیں۔ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر کے سیاسی رہنماں اور قیدیوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک بند کرے۔