مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں ، پاکستا نی حکومت وعوام کو یوم آزادی کی مبارکباد

13 اگست ، 2024

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد میں تعیناتی اور سخت نگرانی اورپابندیوں کے باوجود سری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں، جن پر لکھا ہے 14اگست،پاکستانی عوام کو 77ویں یوم آزادی کی مبارکباد ۔پوسٹروں میں کہاگیاہے کہ تنازعہ کشمیرتقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اورپاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کاوکیل ہے،مسئلہ کشمیر عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ پوسٹروں میں کہا گیا کہ پاکستان اللہ تعالی کا ایک انمول تحفہ ہے اورکشمیری اپنے آپ کو اس ملک کا حصہ سمجھتے ہیں کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔پوسٹروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیاہے۔دریں اثناء حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے15اگست بھارت کے یوم آزادی کو کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کے غیر قانونی قبضے اور دفعہ370اور 35اے کی منسوخی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔