آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی آج کے ہتھیار ،چین میں جدید علوم سے انقلاب آیا،شہباز شریف ،بچوں میں 10 لاکھ اسمارٹ فون تقسیم کرنے کا اعلان

13 اگست ، 2024

کراچی (جنگ نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جدید دور کے ہتھیار ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا، چین میں جدید علوم سے انقلاب آیا اور اگر ہم اس راستے پر چل کر نوجوان نسل کو موقع دیں تو یہ پاکستان میں خوشحالی کا انقلاب لے کر آئے گی۔ عالمی یوم نوجوان پر پرائم یوتھ پروگرام کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم نوجوانوں کا عالمی دن منا رہے ہیں اور یوم آزادی کی آمد آمد ہے، ماضی میں خادم اعلیٰ تھا تو صوبہ پنجاب کے نوجوان بچے بچیوں کی خدمت کی اور آج میں اس عہدے پر بھی میری دعا ہے کہ میں آپ کا خادم بن کر خدمت کروں۔آج بچے اور بچیوں کو عصر حاضر کے تقاضے پورے کرتے ہوئے تعلیم کے زیور سے آراستہ پیراستہ کیا جائے۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اس وقت سب سے جدید تعلیم کا ہتھیار ہے۔ چین دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک ہے جہاں وہ جدید علوم کے ذریعے چین میں انقلاب لے کر آئے ہیں۔ اگر اس راستے پر ہم ان کو راستے اور مواقع دیں تو یہ نوجوان نسل پاکستان میں ایسا خوشحالی کا انقلاب لے کر آئے گی جس سے یوم آزادی کے تقاضے پورے ہوں گے۔77 سال گزر گئے اور پاکستان میں وسائل کی کمی نہ پہلے تھی نہ آج ہے لیکن 77سال بعد ہم اس نہج تک کس طرح پہنچے ہیں کہ قرضوں کے پہاڑ لگ گئے ہیں۔ اس ملک میں غریب اپنی بیٹی کی شادی کے لیے اپنا موروثی گھر گروی رکھ دیتا ہے اور پھر زندگی بھر اس گھر کو چھڑا نہیں پاتا، دوسری جانب امرا اور اشرافیہ کی شادیاں یورپ اور فارس میں ہوتی ہیں، اس امیر اور غریب کے پاکستان کا قائد اعظم نے نہیں سوچا تھا۔ پاکستان عظیم قربانیوں کے ذریعے اس لیے معرض وجود میں آیا کہ ایک اس خطے میں ایک ایسا ملک ہو گا جس کا جھنڈا پوری دنیا میں سب سے اونچا ہو گا اور نوجوان نسل بہترین تعلیم حاصل کر کے اس قوم کی تقدیر بدلے گی، ہمیں بننا ہے اور آگے بڑھنا ہے تو اپنا خون پسینہ بہانا ہو گا اور اشرافیہ، حکومت اور وزیروں کو اپنا فرض ادا کرنا ہو گا۔ وزیر اعظم نے بچوں میں 10 لاکھ اسمارٹ فون میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کے علاوہ زراعت کے شعبے کے ایک ہزار گریجویٹ بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے اپنے خرچ پر چین بھجوا رہا ہوں تاکہ وہ جدید تکنیک لے کر آئیں اور زراعت میں ہماری پیداوار بڑھائیں۔